کاروار:27؍مئی(ایس اؤ نیوز)اترکنڑا کے کمٹہ تعلقہ میں پی یو سال دوم کے سالانہ پرچوں کے جانچ مرکز کے قیام کا مطالبہ لے کر اترکنڑا پی یو لکچررس اسوسی ایشین نے ضلع ایڈیشنل ڈی سی ناگراج سنگریر کی معرفت ریاستی وزیر تعلیم سریش کمار کو میمورنڈم سونپا۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ پی یو بورڈ کے ڈائرکٹر کی طرف سے لکچرر حضرات کو حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ وہ بنگلورو، منگلورو، بیلگام اور ہبلی کے جانچ مراکز پر پرچوں کی جانچ کے لئے حاضر ہوں۔ جب کہ ریاست میں کرونا وائرس کو لے کر حالات سنگین ہیں، صحت کامعاملہ ہے، اسی طرح سفر، رہائش اور کھانے پینے کا مسئلہ بھی درپیش ہے، ان حالا ت میں پرچوں کی جانچ ممکنات میں سے نہیں ہے۔ حالات کے پیش نظر اگر حکومت ضلعی سطح پر جانچ مراکز قائم کرتی ہے تو متعلقہ مضامین کے لکچرر ہر روز اپنے اپنے مقامات سے پہنچ کر پرسکون حالات میں جانچ کرسکتےہیں۔ خاص کر کمٹہ کی کالج میں مرکز کا قیام ہوتو بہتر ہوگا کیونکہ ضلع بھر کے اساتذہ کے لئے یہ آسانی سے پہنچنے والا مقام ہے جہاں کئی ساری سہولیات میسر بھی ہیں۔
کرونا وائر س اور لاک ڈاؤن کو لے کر جہاں کئی دشواریاں ، مشکلات اور مصیبتوں کو جھیلنا پڑ رہاہے وہیں تعلیمی میدان کو بھی کئی ایک مشکلات کا سامنا ہے۔ ایس ایس ایل سی کے سالانہ امتحانات اور پی یو سی دوم کاانگریزی پرچہ کا مسئلہ درد سر بنا ہواہے تو ایسے میں محکمہ تعلیمات پی یو دوم کے پرچوں کی جانچ کی تیاری میں مصروف رہتے لکچرر حضرات کو متعینہ مراکز پر پہنچنےکے لئے حکم نامہ جاری کرچکا ہے۔ جب کہ ریاست بھر کے لکچررحضرات کرونا کو لےکرتذبذب کا شکار ہیں کہ سرکاری حکم کو مانیں یا اپنی جان کو دیکھیں۔ اسی میں کچھ اساتذہ کی اسوسی ایشن نے درمیانی راستہ نکالتے ہوئے ضلعی مراکز پر جانچ مراکز قائم کئے جانے کا مطالبہ لے کر ضلعی سطح پر میمورنڈم دے رہے ہیں۔